ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مایا وتی کا مودی حکومت پر نشانہ ، فوج کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ، لیکن بی جے پی کی نیت پر نہیں

مایا وتی کا مودی حکومت پر نشانہ ، فوج کی صلاحیت پر پورا بھروسہ ، لیکن بی جے پی کی نیت پر نہیں

Sat, 30 Jun 2018 11:40:15    S.O. News Service

لکھنو ،30جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاک مقبوضہ کشمیر میں آرمی کے سرجیکل اسٹرائک کا ویڈیو جاری کرنے کے لئے وقت کے انتخاب پر کانگریس کے بعد اب بہوجن سماج پارٹی نے سوال اٹھاتے ہوئے اسے سیاست پر مبنی قرا ردیا۔بی ایس پی صدر مایاوتی نے جمعہ کو کہا کہ انہیں آرمی کی بہادری اور صلاحیت پر ذرا برابر بھی شک نہیں ہے لیکن سرجیکل اسٹرائیک کا ویڈیو جاری کرنے کے پیچھے مرکز کی نریندر مودی حکومت کا مقصد اچھا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں نے پاک مقبوضہ کشمیر کی سرحد میں داخل ہوکر دہشت گردوں کا جس طرح صفایا کیا، اس کے لئے سبھی نے کافی تعریف کی ۔ ملک کے مفاد میں کئے گئے اس قابل تعریف کام کے لئے کسی نے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت سے او ر نہ ہی فوج کے سینئر افسران سے اس کا کوئی ثبوت مانگا ہے۔ اس کے باوجود ملک میں بغیر تیاری کے نوٹ بندی و جی ایس ٹی نافذکرنے والی مرکز کی بی جے پی حکومت خود کو ہر محاذ پر ناکام ہوتا دیکھ کر سرجیکل اسٹرائیک کا ویڈیو جاری کرتی ہے ۔ یہ سب اس کی سیاسی سازش اور ہتھکنڈا نہیں تو اور کیا ہے۔

بی ایس پی رہنما نے کہا کہ اگر ان کو سرجیکل اسٹرائیک کے سلسلے میں اپنی ایمانداری کا ثبوت دینے کے لئے ویڈیو فلم دکھانی ہی تھی توان کو دراصل یہ فلم اسی وقت دکھانی چاہئے تھی، جب سرجیکل اسٹرائیک ہوئی تھی۔ملک میں لوک سبھا الیکشن نزدیک آتا دیکھ جو گھٹیا سیاست کی جارہی ہے، اس گھٹیا سیاست اور ہتھکنڈے کو ملک کے عوام اچھی طرح سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قریب آتا دیکھ بی جے پی کو وقتاً فوقتاً دلتوں او ردیگر پسماندہ طبقات میں پیدا ہوئے ہمارے عظیم سنتوں ، گرووں اور عظیم شخصیات کی یاد آنے لگی ہے۔ جن کے بتائے راستے پر چل کر کانگریس پارٹی اینڈ کمپنی کے لوگوں کی طرح بی جے پی اینڈ کمپنی کے لوگوں نے بھی کبھی بھی ان کی ترقی اور بہبود کے لئے پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ توجہ نہیں دی بلکہ ہمیشہ ان کی توہین ہی کرتے رہے ہیں۔


Share: